خستہ حال فٹسال گراؤنڈ پھر آباد، بچوں اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سہولت بحال
کوئٹہ: طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ ایک بار پھر بچوں اور نوجوانوں کی کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی خصوصی ہدایت پر میدان کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا۔
بحالی کے بعد فٹسال گراؤنڈ کو بہتر اور فعال شکل دے دی گئی ہے، جہاں بچے اور نوجوان باقاعدگی سے فٹسال سمیت مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے گراؤنڈ کا دورہ کیا اور کھیلوں میں مصروف بچوں اور کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور ضروریات دریافت کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ حکومت کی ترجیح ہے کہ نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع دیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جی او آر کالونی فٹسال گراؤنڈ کی بحالی علاقے کے بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت ماحول بھی میسر آئے گا۔