2027 ورلڈ کپ سے قبل روہت شرما سمیت تین سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل پر غور
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کی ریٹائرمنٹ سے متعلق صورتحال ایک بار پھر تبدیل ہوگئی ہے، آخری ون ڈے میں ان کی شاندار 138 رنز کی اننگز کے بعد فوری ریٹائرمنٹ کا امکان فی الحال ختم ہوگیا ہے، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا کے مستقبل پر اہم غور متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن نے روہت شرما کو آگاہ کیا تھا کہ سلیکٹرز نے انہیں آئندہ بھارتی ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق روہت شرما اس فیصلے پر ناراض تھے، تاہم یہ بھی بتایا گیا تھا کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔
تاہم لارڈز میں کھیلے گئے آخری ایک روزہ میچ میں روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے بعد ان کی فوری ریٹائرمنٹ کے امکانات فی الحال ٹل گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روہت شرما کے مقابلے میں ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا پر اس وقت ریٹائرمنٹ لینے یا ٹیم سے باہر ہونے کا دباؤ نسبتاً کم ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں تینوں سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے ساتھ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی تیاریوں اور ممکنہ اسکواڈ کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔