پاکستان اور افغانستان باہمی مفادات کیلئے مل کر کام کریں: افغان سفیر
اسلام آباد: افغان سفیر سردار احمد شکیب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو نئی سوچ اور باہمی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک اپنے گہرے باہمی انحصار کو خطے میں استحکام اور مشترکہ معاشی مفادات کے فروغ کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
سردار احمد شکیب کے مطابق جغرافیہ، عوام، معاشرہ اور تاریخ پاکستان اور افغانستان کو ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جوڑتے ہیں، جبکہ تجارت، ٹرانزٹ اور سرحدی آمدورفت نے دونوں ممالک کے باہمی انحصار کو مزید بڑھایا ہے۔
افغان سفیر نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال سرد جنگ، 1990 کی دہائی یا 2001 کے بعد غیر ملکی فوجی موجودگی کے دور سے مختلف ہے۔ ان کے مطابق 2021 کے بعد کابل میں ایک نئی سیاسی حقیقت سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی، سکیورٹی اور معاشی حالات پاکستان کو متاثر کرتے ہیں، اسی طرح پاکستان میں ہونے والی پیش رفت کے اثرات بھی افغانستان تک پہنچتے ہیں۔
سردار احمد شکیب نے کہا کہ دونوں ممالک اس باہمی انحصار کی حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے، تاہم وہ یہ ضرور طے کرسکتے ہیں کہ اسے کس طرح بہتر انداز میں منظم کرنا ہے۔
افغان سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو حاوی ہونے دینے کے بجائے تعاون، استحکام اور مشترکہ معاشی مفادات کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے مشترکہ روابط کو باہمی تعاون کے مواقع میں تبدیل کرکے خطے میں استحکام اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے سکتے ہیں۔