لڑکوں کو جذبات کا اظہار کرنے کی آزادی ہونی چاہیے: کرینہ کپور
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے بچوں کی پرورش سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹوں تیمور اور جے کو صرف کامیاب نہیں بلکہ مہربان، حساس اور دوسروں کے جذبات کو سمجھنے والا انسان بنانا چاہتی ہیں۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ دو بچوں کی ماں ہونے کے ناطے وہ ہمیشہ اس بات کے بارے میں فکر مند رہتی ہیں کہ وہ اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کرسکیں۔ ان کے مطابق ایک ماں کی ذمہ داری صرف بچوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ انہیں ذمہ دار اور حساس انسان بنانا بھی ضروری ہے۔
اداکارہ نے خاص طور پر لڑکوں کی جذباتی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے بڑے ہوکر مہربان، نرم دل اور دوسروں کے جذبات کو سمجھنے والے انسان بنیں۔
کرینہ نے کہا کہ بچوں کو اپنے احساسات چھپانے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق معاشرے میں اکثر لڑکوں کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ مضبوط نظر آنے کے لیے اپنے جذبات ظاہر نہیں کرنے چاہئیں، حالانکہ رونا یا احساسات کا اظہار کرنا کمزوری نہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو یہ سمجھاتی ہیں کہ اگر اسے رونا آرہا ہے تو وہ اپنے جذبات کا اظہار کرسکتا ہے۔ ان کے خیال میں بچوں کو اپنے اندر موجود احساسات کو سمجھنے اور انہیں مناسب انداز میں بیان کرنے کی آزادی ملنی چاہیے۔
کرینہ کپور نے بچوں کی پرورش میں جذباتی تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے بیٹوں میں صرف کامیابی نہیں بلکہ اچھا کردار، انسانیت اور حساسیت بھی دیکھنا چاہتی ہیں۔
اداکارہ کی ان باتوں پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی توجہ دی جارہی ہے، جہاں مداح ان کے والدین کے طور پر خیالات اور بچوں کی تربیت کے انداز کو سراہ رہے ہیں۔