زیارت کراس اور نوکچہ حملوں کی مذمت، قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے: گورنر بلوچستان
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے زیارت کراس ڈسٹرکٹ پشین اور نوکچہ ضلع چاغی میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف پوری قوم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی نے بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا جس پر تمام سیکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں ۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کو سبوتاڑ کرنے کے دہشت گردوں کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ گورنر جعفر خان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ دیرپا امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنائیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف شخصیات اور وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں ، اچھی طرز حکمرانی اور دورافتادہ علاقوں کی تعمیر و ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی کو یقینی بنانا ہی اچھی طرزِ حکمرانی کی اصل کامیابی ہے۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عام بالخصوص غریب اور پسماندہ عوام تک پہنچانے کیلئے مزید ٹھوس و مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کی نسبت دیہی علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات اور دیگر مسائل کے حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت متوازن اور یکساں ترقی کے اصول پر یقین رکھتی ہے اور صوبے کے دورافتادہ و پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل، اداروں کی مؤثر کارکردگی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم اچھی حکمرانی کے بنیادی تقاضے ہیں ۔ انہوں نے گورننس میں شفافیت، ذمہ داری اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی سازی کے عمل میں عوامی نمائندوں ، سول سوسائٹی اور متعلقہ طبقات کی موثر شرکت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ حکومت اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ ہی پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کیلئے تمام متعلقہ اداروں ، منتخب نمائندوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح، متوازن ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر علاقے اور ہر طبقے تک پہنچ سکیں ۔