ایشیا کپ میں جارحانہ کھیل پیش کریں گے، سعدیہ اقبال
دبئی: ویمنز ایشیا کپ میں کامیاب آغاز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی، جبکہ اسپنر سعدیہ اقبال نے کہا ہے کہ ٹیم دبئی کے موسم اور پچز کے حالات سے ہم آہنگ ہوچکی ہے اور ایونٹ میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کے لیے پُراعتماد ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف کرے گی۔ سعدیہ اقبال کے مطابق ٹیم اپنی تیاریوں کو میدان میں مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویمنز ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی تیاریاں اچھی جارہی ہیں اور کھلاڑیوں نے ان شعبوں پر خصوصی محنت کی جہاں انہیں اپنی کمزوریاں محسوس ہوئی تھیں۔
سعدیہ اقبال نے بتایا کہ تربیتی کیمپ کے دوران مردوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہیں اپنی خامیوں کی نشاندہی کرکے ان پر کام کرنے کا موقع ملا۔
دبئی کی پچز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہاں کی وکٹیں اسپنرز کے لیے سازگار ہیں، اسی لیے پاکستان نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی اور تیاری مکمل کی ہے۔
ٹی20 کرکٹ میں جارحانہ انداز اپنانے کے حوالے سے سعدیہ اقبال نے کہا کہ مختصر فارمیٹ میں بہت تبدیلی آچکی ہے، اس لیے ٹیم کو جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی اور پاکستان بھی اسی انداز کو اپنانے کی کوشش کرے گا۔