سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی ریاست کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے، شاہد رند
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے ایک اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چار خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائی میں جدید ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس معلومات اور فضائی نگرانی کو بروئے کار لایا گیا۔ صوبائی حکومت نے آپریشن کو دہشت گردی کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی واضح مثال قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا۔ ان کی نقل و حرکت کی مؤثر فضائی نگرانی کے بعد کواڈ کاپٹر کے ذریعے ٹھکانے پر درست اور کاری ضرب لگائی گئی، جس کے نتیجے میں چار خوارج ہلاک ہوئے۔
اپنے جاری بیان میں شاہد رند نے کہا کہ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی کارروائی کی اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں میں انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ حکومت بلوچستان اور عوام اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے امن و سلامتی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور آخری خارجی کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری عزم و استقامت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔