بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ناکام بنادی گئی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے جبکہ ان کے زیر استعمال اسلحہ، گاڑیاں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ماشکیل کے مطابق مسلح افراد نے متعدد سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو حملہ جاری رکھنے سے روک دیا۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں مسلح افراد مزاحمت چھوڑ کر علاقے سے فرار ہوگئے، جبکہ فورسز نے علاقے کو محفوظ بنانے اور مزید خطرات کی روک تھام کے لیے آپریشن جاری رکھا۔
کارروائی کے دوران فرار ہونے والے حملہ آوروں کی چھوڑی ہوئی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق دہشتگرد جائے وقوعہ پر اپنی گاڑیاں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود چھوڑ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ آور اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے اور سرکاری تنصیبات کو نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد ماشکیل میں اہم سرکاری مقامات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنادی گئی ہے، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور بڑی مقدار میں جنگی سامان کے ساتھ پہنچے تھے۔
سیکیورٹی ادارے علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فورسز کی فوری کارروائی کے باعث حملہ آور اپنے ہدف کو حاصل کیے بغیر پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے، جبکہ سرکاری تنصیبات کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی کسی بھی کوشش کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔