تازہ ترین

کل سے 8 روز تک پنجاب، کے پی میں شدید بارشیں

0

مون سون کے نئے اسپیل کے پیش نظر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئندہ کئی روز کے دوران شدید بارشوں، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ دونوں صوبوں کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات مکمل رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو بھی خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کے تحت 29 اگست سے 5 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپورتھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں ضروری مشینری، امدادی سامان اور دیگر انتظامات پہلے سے مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں رہائش اختیار کرنے سے گریز کریں کیونکہ مون سون کے دوران ایسے مکانات زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے مقامات سے دور رہیں۔ والدین بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی مون سون کے نئے اسپیل کے باعث تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے 29 اگست سے 5 ستمبر تک مختلف اضلاع میں ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

صوبے کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح یکم سے 4 ستمبر تک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع کے حساس اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک شہری سیلاب کا خدشہ بھی موجود ہے۔ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شدید بارش کے دوران سیاحوں کو ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے بھی دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ عوام کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہنے اور زیرِ آب سڑکوں کو عبور نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ اداروں کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ گرج چمک، تیز ہواؤں اور شدید بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔ خیبرپختونخوا میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.