کوئٹہ- ڈیفنس ریویو کمیٹی کا 28واں اجلاس کوئٹہ میں دو روزہ مشاورت کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں بلوچستان میں علاقائی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے، ترقیاتی اقدامات کو تیز کرنے اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کی۔ اجلاس میں صوبائی و وفاقی محکموں کے نمائندوں سمیت اہم سکیورٹی اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ ڈیفنس ریویو کمیٹی کا اجلاس ہر تین ہفتے بعد منعقد ہوتا ہے، جس میں سابقہ فیصلوں کا جائزہ لینے کے ساتھ امن و امان سے متعلق پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جاتا ہے۔
کمیٹی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ شرکا نے بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے اہم انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کے منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر تین ہفتے بعد ہونے والے ان جائزہ اجلاسوں کے نتیجے میں صوبے بھر میں امن و استحکام کی بحالی میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جو بلوچستان میں طویل مدتی ترقی اور سکیورٹی کے لیے مثبت سمت کی نشاندہی کرتی ہے۔