اسلام آباد- اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے فلسطین میں جاری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی غیر قانونی آبادکاری، آباد کاروں کے تشدد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا سوال تھا کہ اگر جنگ بندی برقرار ہے تو پھر حملے کیسے جاری رہ سکتے ہیں؟
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام ارکان مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی آبادکاری، آباد کاروں کے تشدد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جانا چاہیے۔ عاصم افتخار احمد کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے منصفانہ اور جامع سیاسی حل ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی پر قائم ہے اور ان کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ، اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔