تازہ ترین

جرمن سفیر کی فضل الرحمان سے ملاقات، افغانستان اور انسانی حقوق پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد: پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں علاقائی سیاسی صورتحال، افغانستان کے حالات، امن و امان، انسانی حقوق اور پاکستان جرمنی دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جرمن وفد کو مختلف علاقائی معاملات پر جے یو آئی (ف) کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔ جرمن نمائندوں نے امن کے فروغ، آئینی بالادستی اور انسانی حقوق کے لیے جے یو آئی (ف) کی کوششوں کو سراہا۔

مولانا فضل الرحمان نے افغانستان اور فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس پر جرمن وفد نے ان معاملات کے حل کے لیے اقدامات میں تعاون کے حوالے سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفد میں ہجرت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی سے متعلق امور کی فرسٹ سیکریٹری وائیولیٹا کُزمووا اناند اور کمیونیکیشن و سیاسی شعبے سے وابستہ آنا ایمانوئل شامل تھیں۔

ملاقات میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، انجینئر ضیاء الرحمٰن اور مفتی ابرار سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.