چین، جاپان اور جنوبی کوریا کا ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مربوط بنانے پر اتفاق
ایشیا کی اہم معیشتوں نے سرحد پار ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کر لیا ہے۔ چین، جاپان اور جنوبی کوریا نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ مل کر ادائیگیوں کے نظام کو مربوط بنانے اور ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق ضوابط میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو جاپان کے تاریخی شہر کیوٹو میں آسیان پلس تھری گروپ کے اجلاس کے دوران وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے نائبین نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
اس اقدام کا مقصد ایسے ادائیگیوں کے نظام کو سرحد پار بھی مؤثر انداز میں قابلِ استعمال بنانا ہے جو بنیادی طور پر مقامی منڈیوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل لین دین کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور اس کی تیز رفتاری کے پیش نظر مختلف ممالک کے درمیان پالیسی اور ضابطہ جاتی ہم آہنگی کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔
اجلاس میں ایک نئے ہنگامی قرضہ فراہمی کے طریقہ کار کا بھی ذکر کیا گیا، جس کا نفاذ رواں ماہ ہوا ہے۔ اس نظام کا مقصد قدرتی آفات اور وبائی امراض جیسے اچانک بحرانوں کی صورت میں متاثرہ ممالک کو مالی وسائل تک تیزی سے رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ طریقہ کار خطے کے 240 ارب ڈالر کے کرنسی تبادلہ حفاظتی نظام، جسے چیانگ مائی انیشی ایٹو کہا جاتا ہے، کے نظرثانی شدہ معاہدے کا حصہ ہے۔
کیوٹو اجلاس کی تفصیلات مئی 2027 میں جاپان کے شہر ناگویا میں ہونے والے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
آسیان پلس تھری گروپ میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے 11 ممالک کے علاوہ جاپان، چین اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔