پاکستان کے خلائی پروگرام نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں داخل ہوگئے ہیں۔ اس پیش رفت کے ساتھ وہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے ہیں۔
چینی خلائی اسٹیشن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق شینژو 24 مشن کا عملہ، جس میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے علاوہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں، کامیابی سے خلائی اسٹیشن پہنچ گیا۔ وہاں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا بازوں نے ان کا استقبال کیا۔
چینی خلائی اسٹیشن کے پیغام میں اس پیش رفت کو مدار میں ایک تاریخی اجتماع قرار دیا گیا، جہاں پاکستان اور چین کے پرچم بھی نمایاں کیے گئے۔ پیغام میں امید ظاہر کی گئی کہ یہ کامیابی بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے دور کی بنیاد بنے گی۔
اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن میں اپنا خلا باز شامل کرنے والا پہلا غیر ملکی ملک بھی بن گیا ہے۔
پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو اور چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت دینے اور ان میں سے ایک کو خلائی مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اپریل 2026 میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا، بعدازاں ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے لیے نامزد کیا گیا جبکہ خرم داؤد کو متبادل خلا باز مقرر کیا گیا۔
اس مشن کے دوران 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کی جائیں گی، جن میں خلائی حیاتیات، مادی سائنس، خلائی طب اور دیگر شعبوں سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ پاکستانی خلا باز بھی مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جن میں مائیکرو الجی پر تجربات شامل ہیں۔
محمد ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ اس دوران وہ پاکستانی جامعات کے تیار کردہ تحقیقی نمونوں اور آلات پر بھی کام کریں گے۔ پاکستانی جامعات نے خلائی تحقیق کے لیے 300 سے زائد تجاویز سپارکو کو پیش کی تھیں، جن میں سے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کے چار تجربات منتخب کیے گئے۔
ان تحقیقات کا تعلق غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور خلا میں حیاتیاتی نظام کے رویوں سے ہے۔ ان میں ضیائی تالیف کرنے والے خردبینی جانداروں پر تحقیق بھی شامل ہے، جس سے خلائی ماحول میں حیاتیاتی نظام کی کارکردگی سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ذیشان علی کا بنیادی کردار سائنسی تجربات انجام دینا ہوگا۔ وہ مشن میں خلائی جہاز کے پائلٹ یا کمانڈر نہیں بلکہ تحقیقی سرگرمیوں کے ماہر کی حیثیت سے شامل ہیں۔ وہ تقریباً ایک ہفتے کے قیام کے بعد شینژو 23 کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے، جبکہ چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی اپنے مشن کے تحت مزید تقریباً چھ ماہ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔
محمد ذیشان علی پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اور سابق فوجی پائلٹ ہیں۔ 40 سالہ ذیشان علی نے خلائی سفر کے لیے مشکل انتخابی عمل اور سخت تربیت مکمل کی۔ تین مراحل پر مشتمل جانچ میں طبی معائنے، ذہنی صلاحیت، جسمانی برداشت اور خلائی سفر کے دوران شدید دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے چین کے خلا باز تربیتی مرکز میں تقریباً سات ماہ تربیت حاصل کی، جہاں خلائی جہاز کے نظام، خلائی اسٹیشن کے طریقہ کار، ہنگامی حالات اور بے وزنی کی کیفیت میں کام کرنے کی مشق کرائی گئی۔ تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی گئی تاکہ وہ خلائی جہاز کے احکامات، تکنیکی اصطلاحات اور ہنگامی ہدایات سمجھ سکیں۔
ذیشان علی نے چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی کیں اور چینی زبان میں گفتگو کرکے اپنی تیاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے تربیت کے دوران تعاون پر چینی حکومت اور خلائی تربیتی مرکز کے اساتذہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔