ذیابیطس کے علاج، تشخیص اور بچاؤ کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر کو انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن نے سینٹر آف ایکسیلنس کا عالمی اعزاز دے دیا ہے۔ اس اعزاز کے بعد یہ پاکستان کا واحد مرکز بن گیا ہے جسے اس شعبے میں یہ بین الاقوامی شناخت حاصل ہوئی ہے۔
اس حوالے سے کراچی میں انڈس اسپتال میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں بنگلا دیش کے نیشنل پروفیسر ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان، انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر سید ظفر زیدی، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جنید پٹیل، ڈائریکٹر انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط اور دیگر طبی ماہرین و عہدیداران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان نے بنگلا دیش میں ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے مساجد اور مذہبی رہنماؤں کے ذریعے جاری آگاہی پروگرام کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت لوگوں کو متوازن غذا، جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دی جاتی ہے، جبکہ مذہبی رہنماؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کمیونٹی کی سطح پر ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کے حوالے سے شعور اجاگر ہو۔
انہوں نے بتایا کہ 2025 میں طبی تحقیقی جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بنگلا دیش کے اس پروگرام کے نتیجے میں ذیابیطس کے نئے کیسز میں 43 فیصد نسبتی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیاب ماڈل کو دیگر ممالک، خصوصاً اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک تک وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
تقریب میں پاکستان میں ذیابیطس کے ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی کے لیے ریپڈ اسیسمنٹ پروگرام پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس طریقہ کار میں عمر، کمر کے گھیر اور خاندان میں ذیابیطس کی تاریخ کی بنیاد پر مرض لاحق ہونے کے خطرے کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اسیسمنٹ میں چار یا اس سے زائد اسکور حاصل کرنے والے افراد کو مزید طبی معائنے کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ڈائریکٹر انڈس ڈائیبیٹیز اینڈ اینڈوکرائنولوجی سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے بروقت تشخیص، عوامی آگاہی اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق انڈس اسپتال کی کوشش ہے کہ مریضوں کو علاج فراہم کرنے کے ساتھ بیماری سے بچاؤ اور صحت مند طرز زندگی کے حوالے سے بھی آگاہی دی جائے۔
انہوں نے عالمی اعزاز کو ادارے کی طبی خدمات اور مسلسل کوششوں کا اعتراف قرار دیا۔
ڈاکٹر ابوالکلام آزاد خان ڈائیبیٹک ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش کے صدر ہیں۔ انہیں طبی خدمات کے اعتراف میں حکومت بنگلہ دیش نے 2021 میں نیشنل پروفیسر کا اعزاز دیا تھا۔ وہ انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن گلوبل ایوارڈ سمیت متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل کر چکے ہیں۔
تقریب میں پاکستان اور بنگلا دیش کے طبی ماہرین کے درمیان تجربات کے تبادلے اور کمیونٹی کی سطح پر ذیابیطس سے بچاؤ کے اقدامات کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔