مولانا فضل الرحمٰن کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا، جہاں عدالت نے درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کو نظر بند کیا گیا ہے تو یہ ایک گھمبیر نوعیت کا معاملہ ہے۔
عدالت نے کہا کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے اسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ اگر مولانا فضل الرحمٰن کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات بتانا ہوں گی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی زندگی اور آزادی کو خطرہ ہے، لہٰذا عدالت ان کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔
درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔