تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں امن و ترقی کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کریں گے، شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

وزیراعظم سے منگل کے روز اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورت حال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران سیکیورٹی فورسز اور صوبائی پولیس نے جو قربانیاں دی ہیں، وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وفاقی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں۔

ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کیلئے اپنی اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے 11 اکتوبر کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال، بالخصوص صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔

یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے گورنر راج کا فیصلہ کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے اس اقدام کی وجہ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ سے مبینہ طور پر لاتعلقی اختیار کرنے کو قرار دیا تھا۔ بعد ازاں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی، تاہم اپوزیشن نے اس پر احتجاج کیا۔

22 اکتوبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں وفاقی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی تھی، جہاں انہوں نے سخت فیصلے کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں امن کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.