لاہور: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عمران خان کو توڑنے اور تنہا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم وہ اور علامہ راجہ ناصر عباس ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحرانوں کے حل کے لیے ضروری ہے کہ فیصلے چند افراد کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں اور تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کی مشاورت سے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری آئینی اور سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے خطاب کے اختتام پر مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں نظر بند کیے جانے اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی اجازت نہ دینے کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنی رائے کے اظہار اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو اکثریتی مینڈیٹ دیا تھا، لیکن ان سے یہ مینڈیٹ چھین لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی صورت حال اور صحت کے حوالے سے پوری طرح بیدار اور متوجہ رہنے کی ضرورت ہے۔ کوششیں کی جا رہی ہیں کہ عمران خان کو توڑا جائے اور تنہا کیا جائے، جن میں بعض بیرونی اور بعض اندرونی عناصر بھی شامل ہیں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی کو الرٹ رہنا ہوگا، ہم سب الرٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مائنس عمران خان کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ میں اپنی طرف سے اور علامہ راجہ ناصر عباس کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان دونوں سازشوں میں کسی صورت شامل نہیں ہوں گے۔