تازہ ترین

شہباز شریف اور بنگلہ دیشی وزیراعظم کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0

نیویارک: پاکستان اور بنگلہ دیش نے باہمی تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے علاقائی اور عالمی معاملات پر رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر بنگلہ دیش کو مبارکباد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی مفاد پر مبنی بنیادوں پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بنگلہ دیشی وزیراعظم طارق رحمان نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔

دونوں وزرائےاعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز، خصوصاً اقوام متحدہ میں مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.