پاکستان ویمنز ٹیم کی شاندار کامیابی، تھائی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بارش سے متاثرہ کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر 2026 ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
تھائی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 11 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر نَنّاپٹ کونچارونکائی نے 49 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم ابتدا میں مشکلات سے دوچار رہی اور چھٹے اوور تک 2 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم قومی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور 10.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے 21 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ طوبیٰ حسن نے 13 رنز بنائے۔ اختتامی مرحلے میں ایمان ناصر اور اُمّ ہانی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ رنز مکمل کیے اور پاکستان کو فتح دلائی۔
پاکستان ویمنز ٹیم ایشین گیمز میں کامیاب ترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔ قومی ٹیم نے 2010 گوانگژو اور 2014 انچیون ایشین گیمز میں مسلسل دو مرتبہ سونے کے تمغے جیتے تھے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔
پاکستان اب سیمی فائنل میں سری لنکا اور ملائیشیا کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہوگا۔ سیمی فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔