تازہ ترین

چین نے ایران سے حوثیوں کے حملے رکوانے کا مطالبہ کردیا

0

بیجنگ: بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں چین نے ایران سے حوثیوں پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے حملے روکنے میں مدد دینے کی درخواست کی ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی صورتحال پر قابو پانے کیلئے بیجنگ سے رابطہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں اور باب المندب کے اطراف تیز پیش قدمی کے بعد چین سے مدد طلب کی، کیونکہ صورتحال سے سعودی تیل کی برآمدات اور خطے میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

چین نے ایران سے کہا ہے کہ وہ حوثیوں پر اپنے اثرورسوخ کو استعمال کرتے ہوئے تنازع کو ان اہم توانائی اور تجارتی راستوں تک پھیلنے سے روکنے میں کردار ادا کرے، جن پر چین سمیت عالمی معیشت کا انحصار ہے۔

چین کی جانب سے عوامی سطح پر بھی خطے میں تحمل، مذاکرات اور محفوظ بحری آمدورفت کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کا مزید یمن اور بحیرہ احمر تک پھیلنا کسی فریق کے مفاد میں نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا تعلق ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے سے ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ چین کا پیغام ایران تک کس ذریعے سے پہنچایا گیا۔

چینی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنائیں۔ بیجنگ نے مسائل کے حل کیلئے بات چیت اور مذاکرات پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب ایران اور سعودی عرب کی حکومتوں کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر مزید تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

بحیرہ احمر اور باب المندب کی موجودہ صورتحال عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کیلئے بھی اہم سمجھی جارہی ہے، کیونکہ اس خطے میں کشیدگی سے تیل کی ترسیل اور تجارتی جہازرانی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.