تازہ ترین

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کا بڑا فیصلہ، سرکاری اخراجات پر نئی پابندیاں

0

اسلام آباد: عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے اور ایندھن کی بچت کیلئے نئی کفایت شعاری اور فیول کنزرویشن اقدامات نافذ کردیئے ہیں۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں کیلئے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ یہ اقدام ابتدائی طور پر 3 ماہ کیلئے نافذ ہوگا۔ مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ضروری خدمات اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیوں کو اس کٹوتی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

حکومت نے رواں مالی سال کے نان ای آر ای بجٹ میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا ہے، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ٹی سے متعلق ضروری خریداری کے علاوہ تمام پائیدار اشیا کی خریداری بھی ممنوع ہوگی۔

سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں اور سفر پر 3 ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ ناگزیر صورت میں وزرا اور متعلقہ حکام کو اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ سرکاری سطح پر عشائیوں اور غیر ضروری تقریبات کے اخراجات محدود کرنے سمیت مختلف حکومتی سرگرمیوں میں بھی کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ان اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے سرکاری سطح پر اخراجات اور ایندھن کے استعمال میں کمی ضروری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.