ایران کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
تہران: آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے دوران ایران کے پاسداران انقلاب نے ٹوگو کے پرچم بردار آئل ٹینکر ٹرینڈ کو نشانہ بنانے اور اسے روکنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق ٹینکر نے آبنائے ہرمز سے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر گزرنے کی کوشش کی، جس کے بعد اسے کارروائی کا نشانہ بنایا گیا اور آگ لگنے کے بعد جہاز رک گیا۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹینکر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات میں جہاز کے عملے، کارگو یا ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی فوری طور پر نہیں ہوسکی۔
آبنائے ہرمز میں پہلے ہی تجارتی بحری آمدورفت نمایاں طور پر کم ہوچکی ہے۔ تازہ شپ ٹریکنگ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو صرف 4 کمرشل جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ گزشتہ 10 دن کی اوسط تقریباً 16 جہاز روزانہ رہی۔
حالیہ صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز میں جہازرانی اور عالمی توانائی کی سپلائی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، کیونکہ یہ گزرگاہ عالمی تیل اور گیس کی تجارت کیلئے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔