اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 3 ارب روپے کے رسک پول کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کیلئے برآمدی انشورنس کوریج کی فراہمی سمیت مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس اقدام سے کاروباری برادری کو برآمدی انشورنس کوریج حاصل ہوگی، جس سے کاروباری خطرات کم کرنے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کا مقابلہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو مکمل کرلی گئی ہے اور اب ادارے کی قیادت نجی شعبے کے تجربہ کار ماہرین کے سپرد کردی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اصلاحات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کیلئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے کے پاس موجود 24 ارب روپے کا سرمایہ کاروباری برادری کی سہولت اور سرمایہ کاری کیلئے استعمال کیا جائے گا، جبکہ مزید بنیادی ڈھانچے پر اخراجات نہیں کیے جائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت ملکی معیشت کی ترقی، تحقیق، ہنرمندی کے فروغ اور عالمی منڈی میں مسابقت بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پاکستان کی یورپی منڈی تک رسائی برقرار رکھنے کیلئے جی ایس پی پلس حیثیت میں توسیع کے حوالے سے بھی سفارتی اور تجارتی حکمت عملی پر کام جاری ہے۔