میر سرفراز بگٹی کا حمود الرحمٰن کی انتظامی خدمات پر خراجِ تحسین
کوئٹہ: بلوچستان میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرکے پنجاب منتقل ہونے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر حمود الرحمٰن کے اعزاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی طور پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حمود الرحمٰن نے بلوچستان میں تعیناتی کے دوران مختلف ذمہ داریاں بھرپور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور صوبے میں انتظامی امور کی بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت، محنت اور احساسِ ذمہ داری انتظامی نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے حمود الرحمٰن کے لیے پنجاب میں نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر حمود الرحمٰن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خدمات انجام دینا ان کے لیے ایک اہم اور یادگار پیشہ ورانہ تجربہ رہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کی رہنمائی اور تعاون کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔