تازہ ترین

برطانیہ کے فلائٹ سسٹم میں خرابی`پاکستان سے 45 پروازیں منسوخ

0

اسلام آباد: ایران امریکا کشیدگی اور برطانیہ کے ایئر ٹریفک سروسز و ریڈار سسٹم میں خرابی کے باعث پاکستان سے مشرقی وسطیٰ، یورپ، امریکا، کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 45 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ متعدد پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہیں۔

ایئرپورٹ فلائٹ انفارمیشن ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں شامل ہیں۔ پروازوں کی منسوخی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ درجنوں پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق ایران امریکا کشیدگی اور برطانیہ کے فلائٹ سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی پروازوں کی منسوخی کی اہم وجوہات ہیں۔ یورپ اور مشرقی وسطیٰ جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

گزشتہ 3 روز سے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن سسٹم میں جاری خرابی نے بھی مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کیا، جبکہ ایران امریکا کشیدگی کے باعث بحال ہونے والا فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہوگیا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 14، اسلام آباد سے 8، کراچی سے 16، ملتان سے 4، کوئٹہ سے 3 جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

براستہ ترکی، قطر، دبئی، بحرین، جدہ اور ریاض آنے اور جانے والی درجنوں پروازیں بھی 3 سے 5 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں، جس کے باعث مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.