تازہ ترین

قلات میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

0

قلات: قومی شاہراہ این 25 پر مسافروں کے لیے خطرہ بننے والی مبینہ دہشت گردوں کی چیک پوسٹ کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے قلات کے قریب این 25 پر ایک مبینہ چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں عوامی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کے علاوہ اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کارروائیاں کی جا رہی تھیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کلیئر کیا۔ کارروائی کے دوران وہاں موجود 23 مغوی افراد کو بازیاب کرایا گیا جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کیں۔ ترجمان کے مطابق ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.