کراچی: این آئی سی وی ڈی کراچی کے ماہر ڈاکٹروں نے انتہائی پیچیدہ اور حساس قلبی سرجری کے ذریعے بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی کامیابی سے نکال کر اس کی جان بچا لی۔
بچے کو خضدار میں حادثاتی طور پر گولی لگنے کے بعد مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم انجری کی سنگینی کے باعث اسے فوری طور پر خصوصی قلبی علاج کی ضرورت تھی۔ بعد ازاں بچے کو کراچی منتقل کیا گیا جہاں مختلف اسپتالوں کے بعد اسے این آئی سی وی ڈی کراچی کے شعبہ اطفال ایمرجنسی لایا گیا۔
این آئی سی وی ڈی پہنچنے پر طبی ٹیم نے فوری معائنہ شروع کیا۔ ہنگامی بنیادوں پر کی گئی ایکو کارڈیوگرافی سے بچے کے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ بچے کی تشویش ناک حالت اور جان کو لاحق خطرے کے باعث چند ہی منٹوں میں اسے ہنگامی آپریشن کے لیے آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا۔
پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں سرجری کی گئی، جبکہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر سمیت دیگر ماہرین بھی سرجیکل ٹیم کا حصہ تھے۔ کثیر شعبہ جاتی ٹیم میں پیڈیاٹرک انٹروینشنلسٹ ڈاکٹر عبد الستار شیخ، ماہرِ بے ہوشی پروفیسر امین خواجہ، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ شامل تھا۔
پروفیسر سہیل خان بنگش نے بتایا کہ بچے کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا اور گولی اس کے دل میں پیوست تھی۔ فوری طبی معائنے کے بعد بغیر تاخیر ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن انتہائی پیچیدہ اور حساس تھا، تاہم پوری طبی ٹیم کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں گولی کامیابی سے نکال لی گئی اور اب بچہ تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔
تقریباً 2 گھنٹے جاری رہنے والی سرجری کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ماہرین کی مسلسل نگرانی میں اس کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے کامیاب آپریشن پر سرجیکل اور معاون طبی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت فیصلہ سازی اور انتھک کوششوں کو سراہا۔
پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سندھ سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو بلاامتیاز جدید اور معیاری امراضِ قلب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق حکومتِ سندھ کے تعاون سے ادارے میں جدید طبی سہولیات اور ماہرین کی خدمات دستیاب ہیں، جن کے ذریعے پیچیدہ اور جان لیوا قلبی ایمرجنسیز کا مؤثر علاج کیا جا رہا ہے۔