تازہ ترین

انڈونیشیا میں لاپتا مسافر بحری جہاز کی تلاش جاری، 103 افراد ریسکیو

0

جکارتہ: انڈونیشیا میں خراب موسم کے دوران مسافر بحری جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش اور امدادی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ جہاز میں عملے سمیت 243 افراد سوار تھے، جن میں سے 103 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا جبکہ 140 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسافر فیری انڈونیشیا کے شہر سورابایا سے جنوبی کالیمانتان کے شہر بنجرماسن کی جانب سفر کررہی تھی کہ جاوا سی میں خراب موسم کے دوران حکام کا جہاز سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا۔

رابطہ منقطع ہونے کے بعد انڈونیشیا کے تلاش اور امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائی شروع کردی اور لاپتا جہاز اور اس میں سوار افراد کی تلاش کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔

حکام کے مطابق جہاز کی آخری معلوم جگہ بنجرماسن کی بندرگاہ سے تقریباً 148 کلومیٹر دور جاوا سی میں تھی، جہاں ممکنہ طور پر جہاز سے متعلق سراغ حاصل کرنے کے لیے تلاش کا دائرہ بڑھایا جارہا ہے۔

امدادی کارروائی کے دوران 103 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم حادثے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ باقی 140 افراد کے بارے میں تاحال معلومات حاصل نہیں ہوسکیں اور ان کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم اور سمندری حالات کے باعث امدادی کارروائی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، تاہم لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جہاز کی آخری معلوم جگہ کے اطراف سمندری علاقے میں ممکنہ شواہد اور زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کررہی ہیں۔

حادثے کی مکمل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ حکام کی جانب سے جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے حالات اور واقعے کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.