اسلام آباد میں بوندا باندی، ابر آلود آسمان اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے دارالحکومت میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ملک کے مختلف دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ پنجاب کے بعض بالائی علاقوں، خصوصاً راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسم میں تبدیلی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ویک اینڈ پر مری، گلیات اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے قبل ٹریفک ایڈوائزری اور تازہ صورتحال معلوم کرلیں تاکہ خراب موسم یا ٹریفک کی ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے۔