تازہ ترین

علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو لیک، حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار سلمان اکرم راجا کو قرار دے دیا

0

پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے ہیں، جہاں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے منسوب مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی ہے، جس میں وہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی حکمت عملی پر تنقید کرتے اور صوبائی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار انہیں قرار دیتے سنائی دیتے ہیں۔

لیک ہونے والی مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی کو سلمان اکرم راجا کی ناقص منصوبہ بندی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق سلمان اکرم راجا کو نہ مکمل اختیارات ملے اور نہ ہی وہ مؤثر نتائج دے سکے۔

سابق وزیراعلیٰ نے سلمان اکرم راجا کے حالیہ بیان اور ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا ٹوئٹ فوری طور پر حذف کریں، اپنے الزامات کی وضاحت دیں اور معذرت کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلمان اکرم راجا کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاسوں میں بارہا مدعو کیا جاتا ہے، لیکن وہ شرکت نہیں کرتے۔

مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے سلمان اکرم راجا کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ سلمان اکرم راجا کو پارٹی کے بارے میں ایسی باتیں کون بتا رہا ہے۔

دوسری جانب سلمان اکرم راجا نے اپنے بیان اور ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کے اندرونی اتفاقِ رائے کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری فیصلہ ساز پارٹی کے اندر اتفاقِ رائے کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ 68 ارکان نئے وزیراعلیٰ کا اعلان کرنے والے ہیں یا انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ منقطع کرلیا ہے۔ انہوں نے پشاور اور دیگر علاقوں میں پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی سازشی بیانیے پر یقین نہ کریں۔

ان کے مطابق سہیل آفریدی آئین اور قانون کی رو سے اب بھی وزیراعلیٰ ہیں۔ سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ جنید اکبر کو بانی پی ٹی آئی نے خود پارٹی کا صوبائی صدر مقرر کیا تھا، جبکہ ان کی عدم موجودگی میں علی اصغر قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.