پاکستان اور مالدیپ میں 20 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی وسعت دینے کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے آئندہ دو سال کے دوران باہمی تجارت کو موجودہ سطح سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے مالدیپ کو ایک لاکھ زیتون کے پودے اور مختلف اقسام کے ایک لاکھ بیج فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان مذاکرات کیے گئے۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کا استقبال کیا، جبکہ ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، غذائی تحفظ، ادویات اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے فضائی اور بحری رابطوں کو بہتر بنانے اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کو ضروری غذائی اشیا اور ادویات فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مالدیپ کے طلبہ کے لیے ہر سال مزید 20 انڈرگریجویٹ اسکالرشپس دینے کا اعلان بھی کیا، جبکہ صحت، پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مالدیپ کے صدر کے پانچ ملین درخت لگانے کے اقدام کے تحت پاکستان اگلے 12 ماہ کے دوران ایک لاکھ زیتون کے پودے اور مختلف اقسام کے ایک لاکھ بیج فراہم کرے گا۔ پاکستانی ماہرین مالدیپ میں نرسریاں قائم کرنے میں بھی معاونت کریں گے، جس کے ذریعے تین سال میں مجموعی طور پر 10 لاکھ پودے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں میں صحت، تعلیم، تکنیکی تربیت، سیاحت، شہری ہوا بازی، زراعت، ماہی گیری، دفاع، بحری سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سروس، سماجی تحفظ، ثقافت اور نوجوانوں کے شعبے شامل ہیں۔
علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے امن، مذاکرات، خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے معاملے پر مالدیپ کے مؤقف کو سراہا اور جموں و کشمیر تنازع، سندھ طاس معاہدے اور علاقائی سلامتی سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔
دورے کے دوران انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی دی۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا۔