مشیرِ کھیل مینا مجید کے بھائی کے اغوا کا معاملہ، وزیر داخلہ کی بحفاظت بازیابی کی یقین دہانی
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے مشیرِ کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید سے ملاقات کرکے ان کے بھائی کے مبینہ اغوا کے واقعے پر تفصیلات معلوم کیں اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
میر ضیاءاللہ لانگو نے منگل کو مینا مجید کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی اور محکمہ داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے مینا مجید کو حوصلہ دیا اور یقین دلایا کہ ان کے بھائی کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔