کراچی میں چھ ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور وائرس کے ماخذ کا تعین کرنے کے لیے جامع تحقیقات کی ہدایت کردی۔
بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کراچی کے ضلع شرقی کی یونین کونسل جمالی کالونی میں ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بیماری کے خاتمے کے لیے جاری حکومتی کوششوں کے باوجود نیا کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا اور انفیکشن کے حالات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
ہنگامی اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور سیکریٹری صحت طاہر سانگی نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سیکریٹری صحت اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کیس کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں، وائرس کے ممکنہ ماخذ کا پتا لگایا جائے اور یہ معلوم کیا جائے کہ بچے میں انفیکشن کیسے منتقل ہوا۔
انہوں نے متاثرہ علاقے میں فوری اقدامات، جامع پولیو مہم اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور تحقیقات مکمل کرکے تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔