تازہ ترین

بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا مخبر تحفظ بل کی منظوری کے لیے سفارش کرنے کا فیصلہ

0

بلوچستان میں بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کرنے والوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026 کو مزید منظوری کے لیے ایوان میں پیش کرنے کی سفارش کردی۔

بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کا اجلاس اسمبلی کے کمیٹی روم میں چیئرمین سید ظفر علی آغا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین میر جہانزیب مینگل، شاہدہ رؤف اور پارلیمانی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری اسمبلی عبدالرحمن، ایڈیشنل سیکریٹری کمیٹیز عبدالصبور خان، ریگولیشن ایکسپرٹ محمد رفیق اور ڈپٹی سیکریٹری قانون احسان برکت بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026 کی مختلف شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بل کا بنیادی مقصد بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری امور میں بے ضابطگیوں سے متعلق عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرنے والے افراد کو قانونی تحفظ دینا ہے، تاکہ شہری بلاخوف و خطر متعلقہ حکام تک درست معلومات اور شکایات پہنچا سکیں۔

کمیٹی اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ نیک نیتی سے معلومات فراہم کرنے والے افراد کو ممکنہ انتقامی کارروائی، ہراسانی، امتیازی سلوک اور دیگر نقصان دہ اقدامات سے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں مستند معلومات دینے والوں کی حوصلہ افزائی، مناسب انعامات کے طریقہ کار اور جھوٹی یا بدنیتی پر مبنی شکایات کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی سید ظفر علی آغا نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے، سرکاری اداروں میں شفافیت کے فروغ اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے مؤثر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرنے والوں کو قانونی تحفظ دینے سے سرکاری معاملات میں جوابدہی اور شفافیت کو فروغ ملے گا، جبکہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بل کی تمام شقوں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اسے مؤثر، قابلِ عمل اور عوامی مفاد سے ہم آہنگ بنانا ضروری ہے، تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔

تفصیلی غور و خوض اور شق وار جائزے کے بعد قائمہ کمیٹی نے بلوچستان مخبر تحفظ بل 2026 کو مزید منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی کے ایوان میں پیش کرنے کی سفارش کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.