امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے چند ہفتے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عوامی عدم اطمینان بڑھ گیا ہے۔ تازہ سروے میں ان کی مجموعی صدارتی کارکردگی سے ناخوش افراد کی شرح دونوں صدارتی ادوار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رائٹرز اور اپسوس کے سروے کے مطابق 66 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی صدارت پر عدم اطمینان ظاہر کیا، جبکہ 31 فیصد نے ان کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔
ووٹنگ سے متعلق سوال پر 47 فیصد شرکا نے ڈیموکریٹک پارٹی، جبکہ 35 فیصد نے ریپبلکن پارٹی کو ووٹ دینے کی حمایت کی۔
معاشی معاملات بھی ٹرمپ انتظامیہ کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ سروے کے مطابق 68 فیصد امریکیوں نے صدر کی معاشی پالیسیوں پر ناخوشی کا اظہار کیا، جبکہ 40 فیصد افراد نے معیشت سے متعلق معاملات میں ریپبلکنز کے مقابلے میں ڈیموکریٹس پر زیادہ اعتماد ظاہر کیا۔
سروے کے مطابق ایران پر امریکی فوجی حملے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے بھی ٹرمپ کی عوامی مقبولیت کو متاثر کیا ہے۔ وسط مدتی انتخابات سے پہلے حمایت میں کمی ریپبلکن پارٹی کے لیے سیاسی چیلنج بن سکتی ہے۔