راولپنڈی: پاکستان اور بحرین نے خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں دفاعی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کا دائرہ وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیا۔
انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مسلسل رابطے اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے بحرین کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں خطے کی پیچیدہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے، دفاعی تعاون اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔