ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لیے امید کی کرن، نئی دوا کے مؤثر نتائج
واشنگٹن : امریکی دوا ساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی نئی دوا بریلوویٹوگ (Brelovitug) نے ہیپاٹائٹس ڈی وائرس کی سطح کم کرنے میں مؤثر نتائج دیے ہیں۔
میرم فارماسیوٹیکل کی تجرباتی دوا بریلوویٹوگ (Brelovitug)نے کرونک ہیپاٹائٹس ڈی وائرس (ایچ ڈی وی) کے مریضوں میں وائرس کی سطح کو نمایاں طور پر کم کرنے اور جگر کی صحت کو بہتر بنانے میں انتہائی مؤثر اور کامیاب نتائج حاصل کیے ہیں، جس کے بعد دوا نے آخری مرحلے کے کلینیکل ٹرائل کا بنیادی ہدف حاصل کرلیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ بریلوویٹوگ ایک تجرباتی مونوکلونل اینٹی باڈی ہے، جسے خاص طور پر ہیپاٹائٹس بی وائرس کی سطح پر موجود ایک پروٹین کو ہدف بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی اس دوا کو دائمی ہیپاٹائٹس ڈی کے علاج کے لیے تیار کررہی ہے۔
ہیپاٹائٹس ڈی جگر کا ایک نسبتاً نایاب وائرل انفیکشن ہے جو صرف ان افراد میں ہوسکتا ہے جو پہلے ہی ہیپاٹائٹس بی وائرس سے متاثر ہوں۔
یہ بیماری شدید علامات کا سبب بن سکتی ہے اور وقت کے ساتھ جگر کو شدید نقصان پہنچانے کے علاوہ بعض صورتوں میں موت کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
میرم فارماسیوٹیکلز کے اندازے کے مطابق امریکا اور یورپ میں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار افراد ہیپاٹائٹس ڈی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
24 ہفتوں کے نتائج حوصلہ افزا قرار
کمپنی کے مطابق آخری مرحلے کے مطالعے میں 24 ہفتوں کے دوران بریلوویٹوگ استعمال کرنے والے مریضوں میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔
300 ملی گرام خوراک لینے والے 56 فیصد مریضوں میں ہیپاٹائٹس ڈی وائرس کی سطح میں کمی کے ساتھ جگر کے انزائمز کی سطح بھی معمول پر آگئی۔
اسی طرح 900 ملی گرام خوراک لینے والے 45 فیصد مریض بھی وائرس کی سطح میں کمی اور جگر کے انزائمز معمول پر آنے کے دونوں اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ تاخیر سے علاج حاصل کرنے والے گروپ میں کسی بھی مریض نے یہ دونوں نتائج حاصل نہیں کیے۔
میرم کے مطابق دوا کو مختلف خوراکوں کے گروپس میں مریضوں نے مجموعی طور پر برداشت کیا اور اس کی حفاظتی خصوصیات پہلے جاری کیے گئے اعداد و شمار سے مطابقت رکھتی ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مطالعے کے مکمل نتائج آئندہ ایک طبی کانگریس میں پیش کیے جائیں گے، میرم فارما سیوٹیکلز نے مزید بتایا کہ وہ 2027 کی پہلی ششماہی میں بریلوویٹوگ کی منظوری کے لیے ایف ڈی اے میں درخواست جمع کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔