صومالی قزاقوں کے خلاف آپریشن، 5 یرغمالی جاں بحق، 9 قزاق گرفتار
صومالیہ میں قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کے عملے کی بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران 5 ارکان ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، جبکہ کارروائی میں 9 قزاقوں کو گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 3 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صومالی اور نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ کی سکیورٹی فورسز نے ایم ٹی آنر 25 کے عملے کو قزاقوں سے آزاد کرانے کے لیے کارروائی کی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور قزاقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
زندہ بچ جانے والے عملے کے ارکان کے مطابق قزاقوں نے پسپا ہوتے وقت یرغمال بنائے گئے افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
ہلاک ہونے والے پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور بوائلر رفیع اللہ شامل ہیں، جبکہ ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔
زخمی ہونے والے 4 افراد میں پاکستانی اور انڈونیشین شہری شامل ہیں۔ فائرنگ کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ نظام بھی متاثر ہوا، جس کے باعث جہاز اپنی مدد آپ کے تحت چلنے کے قابل نہیں رہا اور اسے دوسرے بحری جہاز کے ذریعے ساحل کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔
ایم ٹی آنر 25 کو 21 اپریل 2026 کو صومالیہ کے علاقے پنٹ لینڈ کے قریب قزاقوں نے ہائی جیک کیا تھا۔ جہاز پر 17 رکنی عملہ موجود تھا، جن میں 10 پاکستانی شہری شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے واقعے اور عملے کی صورتحال سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی کے منتظر ہیں، جبکہ پاکستانی شہریوں کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں۔