تازہ ترین

عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی تیاری؟ متضاد دعوے سامنے آگئے

0

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق متضاد دعوے سامنے آنے کے بعد معاملہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ صحافی مہر بخاری نے ذرائع کے حوالے سے اسپتال میں خصوصی انتظامات کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ صحافی منیب فاروق نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال عمران خان کو شفا اسپتال لانے کی کوئی تیاری نہیں کی جا رہی۔

مہر بخاری کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں عمران خان کے ممکنہ طبی قیام کے لیے ہزاروں مربع فٹ پر محیط ایک وسیع بیسمنٹ تیار کی گئی ہے۔ ان کے دعوے کے مطابق اس مخصوص حصے میں دو الگ طبی کمرے، ایک بڑا میڈیا روم اور وسیع ویٹنگ ایریا قائم کیا گیا ہے، جبکہ علاقے کو جدید طبی سہولیات، فرنیچر اور سیکیورٹی مانیٹرنگ سسٹم سے لیس کیا گیا ہے۔

ذرائع کے حوالے سے مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسپتال کے معمول کے ایس او پیز، رسائی، پارکنگ اور سیکیورٹی پروٹوکولز میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جبکہ عملے اور مریضوں کے تیمارداروں کے لیے بعض پابندیاں عائد کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں باہر سے کھانا لانے پر پابندی بھی شامل ہے۔

مہر بخاری نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اس سے قبل طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال لایا جا چکا ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب صحافی منیب فاروق نے مہر بخاری کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال میں ہونے والی انتظامی تبدیلیوں کا تعلق عمران خان سے نہیں اور انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال لانے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔ تاہم ان کے مطابق عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کا حکم اپنی جگہ موجود ہے۔

مہر بخاری نے منیب فاروق کی تردید کے جواب میں اپنے ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر قائم رہنے کا کہا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر فوری منتقلی نہ بھی ہو تو معاملہ اب بھی زیرِ پیش رفت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.