کیچ میں پولیو سے بچاؤ کی مہم، مقررہ ہدف کے مطابق کوریج مکمل
تربت: ضلع کیچ میں جاری پولیو مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں تک رسائی اور انہیں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا عمل مکمل کرلیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے مہم کے دوران ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے اور ویکسی نیشن کا عمل مؤثر رکھنے پر زور دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت پولیو مہم کے چوتھے روز کیچ اپ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کی پیش رفت، بچوں کی کوریج اور رہ جانے والے بچوں کو ویکسین کی فراہمی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر ارسلان درازئی، محکمہ صحت اور پولیو پروگرام سے متعلق دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم کے ابتدائی دنوں میں جو بچے کسی وجہ سے ویکسی نیشن سے رہ گئے تھے، انہیں کیچ اپ وزٹس کے دوران تلاش کرکے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
حکام کے مطابق کیچ اپ سرگرمیوں کے ذریعے رہ جانے والے بچوں کی کوریج مکمل کی گئی اور مقررہ ہدف کے مطابق ویکسی نیشن کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے متعلقہ حکام اور ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے بغیر نہ چھوڑا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، جبکہ فیلڈ ٹیموں، محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ مہم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو سے بچاؤ کے لیے جاری سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے اور بچوں کی ویکسی نیشن کے عمل کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔