ڈی سی کوئٹہ کی متاثرین اور املاک کے نقصانات کا مکمل ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت
کوئٹہ: شہر میں گزشتہ دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیلات جمع کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ افراد، خاندانوں اور املاک سے متعلق درست اور قابلِ تصدیق ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شہر میں پیش آنے والے مختلف دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پشین اسٹاپ، چمن پھاٹک اور دیگر واقعات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد، متاثرہ خاندانوں اور مختلف سرکاری و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق ریکارڈ مرتب کرنے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر سرکاری و نجی عمارتوں، گاڑیوں، دکانوں اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ متاثرہ افراد اور املاک کی مکمل صورتحال سامنے لائی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری ریکارڈ، فیلڈ رپورٹس اور دستیاب معلومات کو یکجا کرکے درست، مکمل اور قابلِ تصدیق ڈیٹا تیار کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نقصانات کا ریکارڈ مرتب کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی متاثرہ فرد، خاندان یا نقصان زدہ سرکاری و نجی املاک ریکارڈ سے رہ نہ جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو نقصانات کے سروے اور ڈیٹا مرتب کرنے کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام معلومات کو یکجا کرکے جامع رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو پیش کی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرتب کیے جانے والے ریکارڈ سے دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے مجموعی جانی و مالی نقصانات کی واضح تصویر سامنے آنے میں مدد ملے گی۔