تازہ ترین

تربت اور ڈھاڈر میں فائرنگ و ڈکیتی کے واقعات، 3 افراد جاں بحق

0

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ڈکیتی کے الگ الگ واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، تربت کے علاقے کلاتک میں نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ڈھاڈر بائی پاس قومی شاہراہ پر مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔

ضلع کیچ کے علاقے تربت کلاتک میں نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت صدام ولد عبد الحق رند اور ظہیر ولد کبیر علی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق سندھ سے بتایا جاتا ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائی شروع کردی، تاہم فائرنگ کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے۔ فوری طور پر کسی گروہ یا تنظیم کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ڈھاڈر میں بھی بدامنی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈھاڈر بائی پاس قومی شاہراہ پر مبینہ ڈکیتی کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب مسلح ڈاکوؤں نے قومی شاہراہ پر ایک گاڑی کو مبینہ طور پر روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت مسماۃ (ف)، سکنہ ٹیپل ڈیرہ مراد جمالی کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد ڈھاڈر بائی پاس اور گردونواح میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور شاہراہوں پر شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.