تازہ ترین

جمال رئیسانی کی پشتون کلچر ڈے پر پشتون قوم کو دلی مبارکباد

0

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت صدیوں پر محیط روایات، تہذیب، زبان، ادب اور تاریخی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے، جبکہ اس ثقافت میں موجود مہمان نوازی، رواداری، بہادری، بھائی چارے اور احترامِ انسانیت کے اقدار معاشرے کے لیے ایک خوبصورت پیغام ہیں۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پشتون ثقافت نہ صرف ایک قدیم تہذیبی ورثہ ہے بلکہ اس سے وابستہ روایات اور اقدار بھی پشتون قوم کی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ پشتو زبان، ادب، روایتی لباس اور ثقافتی روایات اس قیمتی میراث کو نسل در نسل منتقل کرنے کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی ثقافت، زبان اور تاریخی ورثے سے جوڑنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنی تہذیبی شناخت اور روایات سے واقف رہیں اور انہیں آگے منتقل کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشتون کلچر ڈے صرف ایک ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن نہیں بلکہ تمام اقوام کے درمیان باہمی احترام، بھائی چارے، اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کا بھی موقع ہے۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور صوبے میں بسنے والی تمام اقوام کی ثقافتیں بلوچستان کی خوبصورتی، روایتی تنوع اور اجتماعی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ثقافتوں کا احترام اور ایک دوسرے کی روایات کو سمجھنا معاشرے میں بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر تمام پشتون بھائیوں کو ایک بار پھر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پشتون قوم کے شاندار ثقافتی ورثے اور روایات کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.