تازہ ترین

سرکاری ہسپتال میں غفلت برداشت نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنر صحبت پور

0

صحبت پور: ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات، وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ انہوں نے علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کی فراہمی، ڈاکٹروں اور طبی عملے کے رویے سمیت ہسپتال میں درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے مریضوں کی شکایات اور مسائل کو توجہ سے سنا اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہسپتال میں ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات اور طبی سہولیات وافر مقدار میں دستیاب رکھی جائیں تاکہ مریضوں کو علاج کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنا محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

انہوں نے طبی عملے کی حاضری کا جائزہ لیتے ہوئے افسران اور ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر بروقت موجود رہیں اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض سرکاری ہسپتالوں سے بڑی امیدیں وابستہ کرتے ہیں، اس لیے ان کے ساتھ حسنِ سلوک، بروقت طبی معائنہ اور مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وارڈز، ایمرجنسی، واش رومز، صحن اور دیگر تمام حصوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے ماحول کو مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور سازگار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طبی آلات کی فعالیت، بجلی، پانی، صفائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو علاج کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے ہسپتال کے انتظامی امور میں مزید بہتری لانے اور مریضوں کی سہولت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحت عامہ کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض محنت، لگن، ایمانداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو بروقت طبی امداد، ضروری ادویات اور بہتر علاج کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.