تازہ ترین

پنجاب میں اے آئی ہب قائم، جرائم کی روک تھام میں بڑی پیش رفت

0

لاہور: پنجاب میں جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ہب قائم کردیا گیا، جس کے ذریعے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ اور بروقت اطلاعات کا نظام بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی آئی ٹی بی کے پیفٹک آفس سے نئے اے آئی ہب کی ای-لانچنگ کی۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صوبے میں جرائم کے خلاف کارروائیوں کو زیادہ مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

مریم نواز کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر ادارے عوام کے تحفظ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ کچے کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی اقدامات مزید مضبوط کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں چیک پوسٹوں کو بلٹ پروف بنانے کے ساتھ نائٹ وژن اور تھرمل کیمروں کی تنصیب بھی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ان علاقوں میں حکومتی رٹ قائم ہوچکی ہے اور انہیں کرائم فری بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مریم نواز نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے کسی معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

پولیس اہلکاروں اور سپاہیوں کو جدید باڈی کیمز بھی فراہم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اہلکاروں کی فیلڈ سرگرمیوں اور عوام کے ساتھ رویے کی براہ راست نگرانی ممکن ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.