تازہ ترین

پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ جاری کردیا

0

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی سرمایہ منڈی میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے بین الاقوامی بانڈ کا اجرا کردیا، دو ٹرینچز میں مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کیے گئے جبکہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے دو ٹرینچز میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیئے ، پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کرنے کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں، ملک کو پہلی بار 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ یکمشت جاری کرنے کا موقع ملا۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ یورو بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان پر عالمی اعتماد کا عکاس ہے، پاکستان کے قرض واپس کرنے کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی وجہ سے یورو بانڈ کا کامیاب اجرا ممکن ہوا۔ پاکستان نے ساڑھے پانچ سالہ یورو بانڈ سے 1.75 ارب ڈالر حاصل کیے، جس پر سود کی شرح 7.50 فیصد ہو گی جبکہ 10 سالہ یورو بانڈ سے پاکستان نے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے، جس پر 7.90 فیصد سود ادا کرنا پڑے گا، بانڈز میں عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور طلب جاری رقم سے تقریباً دوگنا رہی۔ پہلے پانڈا بانڈ کی کامیابی سے اجرا کے بعد پاکستان نے نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت پہلی بار بانڈ جاری کیا، جو عالمی کیپیٹل مارکیٹس سے مختلف ذرائع کے ذریعے مالی معاونت حاصل کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد صرف مزید قرض حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کی وسیع تر حکمت عملی کے تحت قرضوں کے مؤثر اور فعال انتظام کو یقینی بنانا ہے۔ اس حکمت عملی میں مالی معاونت کے ذرائع کو متنوع بنانا، قرض کی مدت بڑھانا، ری فنانسنگ اور قرضوں کی تجدید سے وابستہ خطرات کم کرنا اور معاشی طور پر فائدہ مند ہونے کی صورت میں قلیل مدتی اور مہنگے قرضوں کی جگہ طویل مدتی اور مسابقتی شرح پر حاصل کی گئی فنانسنگ لانا شامل ہے۔ پاکستان پہلے ہی ملکی قرضوں کی بڑے پیمانے پر قبل از وقت ادائیگی کر چکا ہے۔ بیرونی فنانسنگ تک بھی اسی نظم و ضبط کو وسعت دینا اسی مقصد کا حصہ ہے۔ یورو بانڈ بنیادی طور پر ایسا بانڈ ہوتا ہے جسے کوئی حکومت یا ادارہ اپنی مقامی کرنسی کے بجائے کسی غیر ملکی کرنسی میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے جاری کرتا ہے۔ پاکستان کے معاملے میں یہ بانڈ امریکی ڈالر میں جاری کیا جاتا ہے۔ حکومتیں یورو بانڈز کے ذریعے عالمی سرمایہ منڈیوں سے براہ راست مالی وسائل حاصل کر سکتی ہیں، جس سے انہیں مقامی ذرائع کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاری تک رسائی ملتی ہے۔ گزشتہ روز مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے دو مختلف ڈالر بانڈز پر مشتمل ڈوئل ٹرانچ یورو بانڈ پیش کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ یورو بانڈ کا اجرا پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹ تک دوبارہ رسائی کی جانب اہم قدم ہے۔ بانڈ کے اجرا کا فیصلہ عالمی مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا تھا کہ معاشی استحکام اور مضبوط میکرو اکنامک اشاریوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ یورو بانڈ کا اجرا عالمی مالیاتی نظام میں پاکستان کی دوبارہ مؤثر شمولیت کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.