ایران کے حملوں کے بعد قطر کا کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ
دوحہ: ایران کی جانب سے خطے میں حالیہ حملوں کے بعد قطر نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے عسکری کارروائیاں روکنے اور اختلافات کو مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو تنازع کو مزید وسعت دے سکتے ہیں، جبکہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کی بحالی کے لیے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں۔
قطر حالیہ ہفتوں میں ایران اور دیگر فریقین کے درمیان سفارتی رابطوں میں بھی سرگرم رہا ہے۔ قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے تہران کا دورہ کرکے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر بات چیت کی تھی۔