تازہ ترین

ایس سی او اجلاس، اسحاق ڈار کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

0

بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر مختلف عالمی رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں پاکستان کی ایس سی او کی 2026-27 کی صدارت سے متعلق ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستان کی ترجیحات اور مجوزہ حکمت عملی سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا، جبکہ ایس سی او سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت کرتے ہوئے ان کے فروغ کے لیے سیکریٹریٹ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں جانب سے پاکستان کی صدارت کے دوران قریبی رابطے اور مؤثر رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، جس میں عالمی چیلنجز سے نمٹنے، مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ، علاقائی صورتحال، آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی تیاریوں اور سلامتی کونسل میں جاری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کیا۔ انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہا۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کرلیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مفاہمتی یادداشت پر تنازع کے دونوں فریقین کے مخلصانہ عمل درآمد کو آگے بڑھنے کا واحد راستہ قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریزنکوف، ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف اور ترکیہ کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے ڈائریکٹر ابراہیم قالن سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی و سفارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترکیہ کے حکام کے ساتھ ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس پر بھی گفتگو ہوئی۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 2026 کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے جاری عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.