بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز، 2 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی
کوئٹہ: بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ و عملی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں میں 2 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
حکومت بلوچستان کے مطابق پروگرام محکمہ امور نوجوانان کے زیر اہتمام شروع کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی جانب سے نوجوانوں کے لیے کیے گئے اقدامات کے تحت اس کی نگرانی مشیر وزیراعلیٰ برائے امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کر رہی ہیں۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجگور، لورالائی، کوئٹہ اور مسلم باغ کے مختلف کالجز اور جامعات میں طلبہ و طالبات کے لیے تربیتی سیشنز منعقد کیے جارہے ہیں، جبکہ اس مرحلے میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تربیتی پروگرام کے دوران نوجوانوں کو امپلائبیلٹی اور سافٹ اسکلز سے متعلق مختلف مہارتیں سکھائی جارہی ہیں، جن میں کمیونیکیشن، انٹرپرسنل اسکلز، لیڈرشپ، انٹرپرینیورشپ، کیریئر کاؤنسلنگ، سی وی رائٹنگ اور موک انٹرویوز شامل ہیں۔
تربیتی سرگرمیوں میں گروپ ڈسکشنز، ٹیم ورک، کمیونیکیشن ایکسرسائزز اور عملی مشقوں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے، جن کا مقصد نوجوانوں میں خود اعتمادی، مؤثر ابلاغ، فیصلہ سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔
حکومت کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب روڈ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مسلم باغ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج خدابادان پنجگور اور گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڑوب سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں 238 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات نے تربیتی سرگرمیوں کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کمیونیکیشن، لیڈرشپ اور کیریئر سے متعلق اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملا۔
بلوچستان یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز اور اسٹارٹ اپس کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی، جس کے لیے ماہر اور تجربہ کار ٹرینرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق پروگرام کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو جدید مہارتیں فراہم کرکے انہیں عملی زندگی، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔